جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں یومِ ولادتِ علامہ محمد اقبال کے سلسلے میں ’’بیادِ اقبال‘‘ سیمینار اور آرٹ نمائش

گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے سلسلے میں ’’بیادِ اقبال‘‘ سیمینار اور آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین نے علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی، فکری بیداری، تحقیق، خود اعتمادی اور کردار سازی کے پیغام کو نوجوان نسل بالخصوص طالبات کی عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا

سیالکوٹ۔ 18 نومبر (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے سلسلے میں ’’بیادِ اقبال‘‘ سیمینار اور آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین نے علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی، فکری بیداری، تحقیق، خود اعتمادی اور کردار سازی کے پیغام کو نوجوان نسل بالخصوص طالبات کی عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کا اہتمام سنٹر آف ایکسیلینس علامہ محمد اقبال، شعبہ اردو اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے اشتراک سے کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر تقریب کی مہمان خصوصی جبکہ ماہرِ اقبالیات پروفیسر رانا محمد اعجاز حسین، سینئر صحافی و کالم نگار نعیم مسعود اور ادارہ فروغِ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر مہمانانِ اعزاز تھے۔ تقریب میں نامور دانشوروں، ماہرینِ تعلیم، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔تقریب کے آغاز میں مہمانانِ گرامی نے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی طالبات کے تیار کردہ فن پاروں پر مشتمل آرٹ نمائش کا دورہ کیا اور طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، فنکارانہ مہارت اور علامہ اقبال کے فکری و ادبی موضوعات کی خوبصورت عکاسی کو سراہا۔

اس موقع پر معزز مہمانوں نے سنٹر آف ایکسیلینس برائے سیرت النبیؐ اور سنٹر آف ایکسیلینس علامہ محمد اقبال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ان مراکز کی علمی، تحقیقی اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔بعد ازاں منعم الدین آڈیٹوریم میں سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ؐ پیش کی گئی۔ طالبات نے ترنم کے ساتھ کلامِ اقبال پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا اور شاعرِ مشرق کے پیغامِ خودی، عشق اور عمل کو اجاگر کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اپنے خطاب میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شہرِ اقبال میں علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی نوجوان نسل بالخصوص طالبات کے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے طالبات کو اقبال کے منتخب اشعار کی روشنی میں خودی، خود اعتمادی، بلند ہمتی، مسلسل جدوجہد اور مقصدِ حیات کا شعور اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کے افکار کو سمجھ کر عملی زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ماہرِ اقبالیات پروفیسر رانا محمد اعجاز حسین نے اپنے خصوصی لیکچر میں علامہ اقبال کی فکر، فلسفۂ خودی، تصورِ انسانِ کامل اور اقبالیات کے مختلف علمی و فکری پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا کلام محض شاعری نہیں بلکہ ایک مکمل فکری، روحانی اور عملی نظامِ زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔سینئر صحافی و کالم نگار نعیم مسعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی دراصل شاہینوں کی تربیت گاہ ہے اور اقبال کا شاہین بلند پروازی، خودداری، نظم و ضبط اور خود اعتمادی کی علامت ہے۔ ایک حقیقی قائد وہی ہوتا ہے جو اپنی خواہشات، نیند اور بھوک پر قابو رکھتے ہوئے مقصد کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کرے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کو سمجھنے کے لیے ان کی شاعری کے ساتھ ساتھ فلسفے، روحانی فکر اور تصورِ توحید کا مطالعہ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور علمی جستجو کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور تعلیم کو صرف ذاتی کامیابی تک محدود رکھنے کے بجائے معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کریں۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی انتظامیہ، وائس چانسلر، اساتذہ اور طالبات کی میزبانی اور علمی و ادبی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اس کی فکری، تہذیبی اور معاشرتی ترقی سے وابستہ ہوتی ہے۔ علامہ اقبال نے نوجوان نسل کو اپنی خودی پہچاننے، علم و تحقیق کو فروغ دینے اور اپنی تہذیبی و فکری شناخت برقرار رکھنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پورے خاندان اور معاشرے کی تربیت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، لہٰذا طالبات کو اقبال کے پیغام سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے علمی، اخلاقی اور فکری اعتبار سے مضبوط بننا چاہیے۔سیمینار کے دوران طالبات کے مابین کلامِ اقبال کی بیت بازی کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں طالبات نے علامہ اقبال کے اشعار یاد کرکے پیش کیے۔ اس سرگرمی کا مقصد طالبات میں اقبال شناسی، ادبی ذوق اور قومی و فکری شعور کو فروغ دینا تھا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر شگفتہ فردوس اور فوکل پرسن سنٹر آف ایکسیلینس علامہ محمد اقبال ڈاکٹر رفعت چوہدری سمیت تمام منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب علامہ محمد اقبال کے افکار و نظریات نئی نسل تک پہنچانے، طالبات میں فکری و ادبی شعور بیدار کرنے اور تحقیق، خودی، کردار سازی اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم علمی و ادبی کاوش ثابت ہوئی۔