انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں چار ماہ کے دوران 3 فیصد اضافہ
انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں چار ماہ کے دوران 3 فیصد اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):ملک سے انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ کے دوران انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 120.75 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 117.30 ملین ڈالر کے مقابلے میں تقریبا 2.9 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات کا حجم 31.54 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو ستمبر کے 32.16 ملین ڈالر کے مقابلے میں کم جبکہ گزشتہ سال اکتوبر کے 32.97 ملین ڈالر کے مقابلے میں بھی کم ہے۔
مالی سال 2025-26 کے دوران انجینئرنگ مصنوعات کی مجموعی برآمدات کا حجم 328.49 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں برقی پنکھوں کی برآمدات 7.92 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 9.52 ملین ڈالر کے مقابلے میں کم ہیں۔اسی طرح ٹرانسپورٹ آلات کی برآمدات 8.47 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 25.08 ملین ڈالر کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہیں۔
دوسری جانب برقی مشینری کی برآمدات میں اضافہ ہوا اور ان کا حجم 42.07 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 28.9 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے۔اسپیشلائزڈ مشینری کی برآمدات سے ملک کو 15.74 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.12 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہے، جبکہ آٹو پارٹس کی برآمدات 8.78 ملین ڈالر رہیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 6.64 ملین ڈالر کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔







