کو پ 31 کانفرنس کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر ترکیہ جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ
کو پ 31 کانفرنس کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر ترکیہ جانے کی کوشش ناکام، مسافر آف لوڈ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مشکوک اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پر ترکیہ جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ ترجمان ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق مسافر امیش علی فلائٹ نمبر FZ326 کے ذریعے عالمی ماحولیاتی کانفرنس "کوپ 31” میں شرکت کی آڑ میں ترکیہ جا رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر سے کانفرنس سے متعلق سوالات کیے گئے جن کے وہ تسلی بخش جوابات نہ دے سکا جبکہ ابتدائی تفتیش میں اس کی تعلیمی قابلیت بھی انڈر میٹرک نکلی۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافر کے سفری دستاویزات اس کے سگے بھائی تنویر احمد نے ایک ایجنٹ کی مدد سے تیار کروائے تھے، جبکہ ویزا کے حصول کے لیے استعمال کیا گیا کمیونٹی بیسڈ ایسوسی ایشن کا خط جعلی نکلا اور پیش کردہ کاپ 31 و اقوامِ متحدہ کے کلائمیٹ سیکریٹریٹ کی ای میلز بھی مسافر کے ذاتی ای میل اکاؤنٹ میں موجود نہ تھیں۔ مزید برآں مسافر کے موبائل فون سے فرانس کا ایک واٹس ایپ نمبر اور سامان سے غیر قانونی ہجرت (ڈنکی) میں استعمال ہونے والی مختلف اشیاء بھی برآمد ہوئیں، جس کے بعد ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا۔







