خیبر پختونخوا میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے جامع اصلاحات جاری، 78 منصوبوں پر 5 ارب 37 کروڑ روپے مختص
خیبر پختونخوا میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے جامع اصلاحات جاری، 78 منصوبوں پر 5 ارب 37 کروڑ روپے مختص

مزید خبریں
پشاور۔ 19 نومبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری، سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی بڑھانے، گڈ گورننس، ادارہ جاتی فعالیت اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع اصلاحاتی اقدامات شروع کر رکھے ہیں، جن میں انتظامی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور ڈیجیٹلائزیشن کو ترجیح دی جا رہی ہے۔محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ترجمان کے مطابق صوبے کے 34 ہزار 848 سرکاری اسکولوں میں 59 لاکھ 60 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ ایک لاکھ 87 ہزار 159 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی 44 ہزار 747 آسامیاں خالی ہیں، جن میں ضم شدہ اضلاع کی 8 ہزار 837 آسامیاں بھی شامل ہیں۔اساتذہ کی منصفانہ تقسیم اور میرٹ یقینی بنانے کے لیے ای ٹرانسفر پالیسی پر نظرثانی کی گئی ہے اور عملے کی دستیابی و ضروریات کے مطابق فہرستیں مرتب کرکے متعلقہ حکام کو فراہم کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں ایک ہزار 185 تبادلوں کی درخواستیں بھی شیئر کی گئی ہیں۔ اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کا 100 روزہ تربیتی منصوبہ منظور کیا گیا ہے، جبکہ تربیتی سرگرمیوں میں حاضری کی نگرانی ای ایم آئی ایس کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ترجمان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، وسائل کے مؤثر استعمال اور بروقت تکمیل کے لیے 100 اور 180 روزہ ایکشن پلان مرتب کیے گئے ہیں۔
غیر فعال اسکولوں کی بحالی اور سہولیات کی بہتری کے لیے اسکولوں کی ریشنلائزیشن جاری ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک ہزار 500 اسکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔تعلیم سے محروم بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کے لیے 12 ہنگامی اضلاع میں خصوصی داخلہ مہم شروع کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ سروے، ہیٹ میپس اور ڈیٹا شیئرنگ کے ذریعے بچوں کی نشاندہی اور داخلوں میں اضافے پر کام جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں اور نادرا کے ساتھ ڈیٹا روابط کے قیام پر بھی پیش رفت ہو رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ 100 روزہ تعلیمی منصوبے کے تحت 46 منصوبوں کے لیے ایک ارب 22 کروڑ روپے جبکہ 180 روزہ منصوبے کے تحت 32 منصوبوں کے لیے 4 ارب 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 78 منصوبوں کے لیے 5 ارب 37 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں 424 اسکولوں کی سولرائزیشن، 15 مڈل و ہائی اسکولوں کو ماڈل اسکولوں میں تبدیل کرنا، آئی ٹی لیبارٹریز کا قیام، طالبات کے اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور 500 تعلیمی انٹرنز متعارف کرانا شامل ہے۔ خصوصی بچوں کی تعلیم کے لیے پاراچنار اور حیات آباد میں خصوصی اسکولوں کے قیام اور سہولیات کی فراہمی کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔180 روزہ منصوبے میں ضم شدہ اضلاع میں اساتذہ کی تربیت، فنی و ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ، ڈوگر میں ای اسکل ہب، درازندہ میں فنی تربیتی کورسز اور یوتھ ہبز کا قیام، سرکاری کالج سام کی اپ گریڈیشن اور مختلف اضلاع میں اسکولوں و آڈیٹوریمز کی بہتری شامل ہے۔
ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے 331 آئی ٹی لیبارٹریوں والے اسکولوں کو جی وی ایس سے منسلک کرنے اور 500 سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل کلاس رومز کے قیام کے لیے دوبارہ ٹینڈرنگ کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں صوبے کی 34 سرکاری جامعات و اداروں میں ایک لاکھ 60 ہزار 587 طلبہ جبکہ 388 سرکاری کالجوں میں 2 لاکھ 80 ہزار 777 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ جامعات کی مالیاتی صورتحال اور انتظامی شفافیت بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جو مالی خسارے، گورننس اور وسائل کے مؤثر استعمال کا جائزہ لے رہا ہے۔ صوبے کی 34 سرکاری جامعات میں سے 26 مالی خسارے کا شکار ہیں، جبکہ 14 جامعات کا مجموعی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے ہے۔ مالی استحکام کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے 18 ارب روپے کی معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔سرکاری کالجوں میں فیکلٹی بھرتیوں کے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جبکہ اسکالرشپس کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کی تیاری اور لائبریری وسائل کی ڈیجیٹلائزیشن جاری ہے۔ طلبہ کی سہولت کے لیے چھ سرکاری کالجوں کی لائبریریاں رات 8 بجے تک کھلی رہتی ہیں، جبکہ سرکاری پبلک لائبریریوں کے اوقات رات 12 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں۔جامعات اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے، تحقیق کو صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن اور سرحد چیمبر آف کامرس کے درمیان رابطہ کاری شروع کی گئی ہے۔ تاہم صوبے کی سرکاری جامعات کے 240 شعبہ جات میں طلبہ کی تعداد 100 سے کم ہے، جبکہ 208 شعبہ جات میں گزشتہ تین سال کے دوران کوئی تحقیقی اشاعت سامنے نہیں آئی۔
جامعہ پشاور میں وائس چانسلرز کانفرنس کی سفارشات پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔اعلیٰ تعلیم کے 100 اور 180 روزہ منصوبوں کے تحت ایک ارب 7 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے اقدامات ترتیب دیے گئے ہیں، جن میں طالبات کی تعلیم تک رسائی، نوجوانوں میں شہری شعور کا فروغ، ادبی سرگرمیاں، 124 سرکاری کالجوں کو جدید مشینری، کمپیوٹرز اور لیبارٹری آلات کی فراہمی اور 40 یونیورسٹی ہاسٹلز کی بہتری شامل ہے۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے خصوصی منصوبوں کے تحت تعلیم، آئی ٹی اور اسکلز ڈویلپمنٹ کے 11 منصوبوں کے لیے 16 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں سات دانش اسکولوں کا قیام، چار اضلاع میں ڈیجیٹل لائبریریاں، ڈیرہ اسماعیل خان میں آئی ٹی پارک کی اپ گریڈیشن اور نوجوانوں کی فنی و ڈیجیٹل تربیت شامل ہے۔ ان منصوبوں کے تحت زرعی شعبے میں چین میں 100 اسکالرشپس، 2 ہزار طلبہ کے لیے آئی ٹی و فنی تربیت اور 300 افراد کے لیے بیرون ملک تربیت و روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔بریفنگ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں شفافیت، میرٹ، جوابدہی اور انتظامی کارکردگی یقینی بنانے، وسائل کے مؤثر استعمال اور اسکولوں و جامعات کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔







