پاکستان شاہینز ٹیم ایشیا کپ کرکٹ رائزنگ سٹارزمیں اپنی مہم کا آغاز (کل) سے متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی

دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایشیا کپ کرکٹ رائزنگ سٹارز2026 میں اپنی مہم کا آغاز کل جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ قطر کے شہر دوحہ میں یونیورسٹی آف دوحہ فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایشیا کپ کرکٹ رائزنگ سٹارز2026 میں اپنی مہم کا آغاز کل جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے کرے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ قطر کے شہر دوحہ میں یونیورسٹی آف دوحہ فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔آٹھ ٹیموں پر مشتمل50 اوورز کا یہ ٹورنامنٹ19 نومبر سے شروع ہوچکا ہے اور29 نومبر تک جاری رہے گا۔پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کریں گے جبکہ قومی ٹیم15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں افغانستان اے،بنگلہ دیش اے، ہانگ کانگ اور سری لنکا اے شامل ہیں،جبکہ گروپ بی میں پاکستان شاہینز،بھارت اے، متحدہ عرب امارات اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستان شاہینز اپنا دوسرا گروپ میچ22 نومبر کو بھارت اے کے خلاف کھیلے گی۔یہ مقابلہ ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ24 نومبر کو اسی گرائونڈ پر نیپال کے خلاف کھیلا جائے گا۔ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔پہلا سیمی فائنل 26 نومبر اور دوسرا27 نومبر کو کھیلا جائے گا، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل29 نومبر کو شیڈول ہے۔

ٹورنامنٹ سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر نے کہا کہ ٹیم نے مقامی کنڈیشنز خصوصا پچز کا جائزہ لینے کے ساتھ بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں بھرپور تیاری کی ہے۔گزشتہ سال ٹائٹل جیتنے کا تجربہ ٹیم کے اعتماد میں اضافے کا باعث ہے،تاہم اس بار چیلنج مختلف ہوگا اور اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ سکواڈ میں بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں بہترین صلاحیت اور متبادل موجود ہیں۔50 اوورز کی کرکٹ میں کھیل کے مختلف مراحل کے مطابق حکمت عملی تبدیل کرنا ضروری ہوتا ہے،کہیں جارحانہ انداز اپنانا پڑتا ہے تو کہیں شراکتیں قائم کرکے اننگز کو آگے بڑھانا ہوتا ہے۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم متوازن ہے جس میں معیاری فاسٹ بولرز،سپنرز اور ایسے بیٹرز شامل ہیں جو مختلف کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔گزشتہ سال بھی سپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا اور اس بار بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔اعجاز احمد جونیئر کے مطابق یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے اور بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

مختلف ٹیموں کےخلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کو سیکھنے، دبائو میں بہتر کارکردگی دکھانے اور اپنی حکمت عملی پر عملدرآمد کرنے کا موقع ملے گا،جس سے انہیں مستقبل میں فائدہ ہوگا۔پاکستان شاہینز کے15 رکنی سکواڈ میں کپتان عبدالصمد،احمد دانیال، علی رضا، دانش عزیز، فرحان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد حسنین، محمد عمران رندھاوا، روہیل نذیر (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، شہزیب خان، شمیل حسین اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ٹیم کے سپورٹ سٹاف میں اعجاز احمد جونیئر (ہیڈ کوچ و ٹیم منیجر)، رفعت اللہ مہمند (بیٹنگ کوچ)، ریحان ریاض (بولنگ کوچ)، اسفندیار خان (سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، علیم باجوہ (فزیو) اور زبیر احمد (ٹیم اینالسٹ) شامل ہیں۔پاکستان شاہینز20 نومبر کو صبح11 بجے یو اے ای، 22 نومبر کو سہ پہر3 بجے بھارت اے اور24 نومبر کو سہ پہر3 بجے نیپال کےخلاف میدان میں اترے گی۔تمام میچز پاکستانی وقت کےمطابق شیڈول کئے گئے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے دوران پاکستان شاہینز کے میچز کی رپورٹس بھی فراہم کی جائیں گی۔

مزید خبریں