وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے فلپائن کے شہر منیلا میں بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق دوسری عالمی وزارتی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر مختلف عالمی رہنماؤں، وزرا اور بین الاقوامی اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کی منیلا میں بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق وزارتی کانفرنس میں شرکت، عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے حکام سے ملاقاتیں کیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے فلپائن کے شہر منیلا میں بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق دوسری عالمی وزارتی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر مختلف عالمی رہنماؤں، وزرا اور بین الاقوامی اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں ۔جمعرات کو وزارت انسانی حقوق سے جاری بیان کے مطابق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہ نور اوزدمیر گوکتاش سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بچوں کے تحفظ، خاندانی فلاح و بہبود اور سماجی خدمات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے فلپائن کی سابق صدر گلوریا ماکاپاگل آرویو سے بھی ملاقات کی جس دوران بچوں کے حقوق کے تحفظ، قانون سازی اور علاقائی سطح پر بہترین تجربات کے تبادلے سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
مزید برآں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے وزیر برائے خواتین و اطفال اور سماجی امور پروفیسر ڈاکٹر اے زیڈ ایم زاہد حسین سے ملاقات کی جس میں بچوں پر تشدد کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مؤثر بنانے کے لئے مشترکہ کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایٹین کروگ سے بھی ملاقات کی جس میں بچوں کی صحت، تحفظ اور بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لئے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تکنیکی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ان ملاقاتوں کے دوران وفاقی وزیر نے بچوں کے حقوق کے تحفظ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لئے حکومتِ پاکستان کے ٹھوس اقدامات اور قومی حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا۔\932







