اسلامیہ کالج پشاور کے 105 طلباء نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کے افسران پر مشتمل وفد کے ہمراہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا دورہ کیا
اسلامیہ کالج پشاور کے طلباء کا پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):اسلامیہ کالج پشاور کے 105 طلباء نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کے افسران پر مشتمل وفد کے ہمراہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کا دورہ کیا۔پارلیمنٹ ہائوس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ وفد کو سینیٹ میوزیم کے دورے کے دوران پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، قانون سازی کے عمل اور ایوان بالا کے قومی امور میں کردار سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفد نے سینیٹ کی تاریخ اور اہم پارلیمانی مراحل پر مبنی خصوصی ڈاکومنٹری بھی دیکھی۔ دورے کے دوران وفد کو سینیٹ ہال میں اجلاس کی کارروائی کے طریقہ کار، قانون سازی کے مراحل اور پارلیمانی کمیٹیوں کے نظام سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔وفد کو پارلیمانی ڈھانچے کے موثر کردار اور قانون سازی میں کمیٹیوں کی اہمیت بارے بھی آگاہ کیا گیا
بعد ازاں وفد نے ”گلی دستور“ کا دورہ کیا جہاں انہیں آئین پاکستان کی تشکیل اور آئینی تاریخ کے نمایاں مراحل سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر وفد کے شرکا نے پارلیمنٹ ہائوس کے دورے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے نوجوان نسل میں پارلیمانی شعور، جمہوری اقدار اور آئینی ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایوان بالا کی جانب سے تعلیمی اداروں کے طلباء کے لیے پارلیمنٹ ہائوس کے مطالعاتی دوروں کا انعقاد نوجوان نسل کو پارلیمانی نظام سے روشناس کرانے اور جمہوری اداروں سے ان کی وابستگی مضبوط بنانے کی ایک اہم کاوش ہے۔







