کمشنر راولپنڈی کا ریس کورس چوک اور چیرنگ کراس انڈر پاسز کا دورہ

کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے پشاور روڈ پر ریس کورس چوک اور چیرنگ کراس کے زیرِ تعمیر انڈر پاسز کا دورہ اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔ 19 نومبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے پشاور روڈ پر ریس کورس چوک اور چیرنگ کراس کے زیرِ تعمیر انڈر پاسز کا دورہ اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایس ای ہائی وے، کمیونیکیشن اینڈ ورکس و دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ ریس کورس انڈر پاس کی فزیکل پراگریس 74 فیصد جبکہ چیرنگ کراس انڈر پاس کی فزیکل پراگریس 71فیصد ہے اور باقی کام رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں منصوبوں میں پائلنگ، ڈیک سلیبز، کیپنگ بیمز، بیریئرز کی تنصیب، انڈر پاسز کی کھدائی، یوٹیلیٹیز کی منتقلی سمیت نکاسی آب کے کام مکمل کر لیے گئے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ریس کورس انڈر پاس شمال کی جانب جانے والی ٹریفک کے لیے دو لین پر مشتمل ہوگا جبکہ ٹریفک کی آمدورفت اور مڑنے کی سہولت کے لیے تین سطحی سڑک کی لینز بھی فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر نے جاری کام کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر سختی سے عمل اور تمام کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کی روانی، متبادل راستوں اور شہریوں کو کم سے کم پریشانی یقینی بنائی جائے۔ نیز ان مقامات پر دھول اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے انسدادِ سموگ اقدامات باقاعدگی سے کیے جائیں۔

سلمان غنی نے کہا کہ انڈر پاسز کی تکمیل اور فعال ہونے کے بعد راولپنڈی کا مرکزی ٹریفک کوریڈور تقریباً مکمل طور پر سگنل فری ہو جائے گا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی متوقع ہے۔