سکھر، صالح پٹ میں پبلک لائبریری کی تزئین و آرائش منصوبے کا افتتاح

رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کے ہمراہ سکھر کے علاقے صالح پٹ میں حکومتِ سندھ کی سوشل ویلفیئر آبلیگیشن اسکیم کے تحت پبلک لائبریری کی مرمت، تزئین و آرائش، سولرائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے مکمل شدہ منصوبے کا افتتاح کیا

سکھر۔ 19 نومبر (اے پی پی):رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کے ہمراہ سکھر کے علاقے صالح پٹ میں حکومتِ سندھ کی سوشل ویلفیئر آبلیگیشن اسکیم کے تحت پبلک لائبریری کی مرمت، تزئین و آرائش، سولرائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے مکمل شدہ منصوبے کا افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ منصوبہ کا بنیادی مقصد طلبہ، نوجوانوں اور عام شہریوں کو جدید مطالعاتی سہولیات اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائبریری کی بحالی، سولر سسٹم کی تنصیب اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی سے علاقے کے نوجوانوں کو علم و تحقیق کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پبلک لائبریری کی جدید خطوط پر بحالی، علاقے میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ، مطالعے کے رجحان میں اضافے اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔