وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم، ایک ہفتے میں رپورٹ طلب

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے متعلقہ حکام کو مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے

کوئٹہ۔ 19 نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے متعلقہ حکام کو مربوط حکمت عملی کے تحت مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھتہ خوری، اسمگلنگ، منشیات اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ علاقے کو جرائم پیشہ سرگرمیوں سے پاک کرکے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

اس سلسلے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد حمزہ شفقات سمیت متعلقہ ڈویژن کے کمشنر، ڈی آئی جی اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی بحالی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور منظم جرائم کے سدباب کے لیے جامع اقدامات کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی کہ قلعہ عبداللہ کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ان پر عمل درآمد سے متعلق ایک ہفتے کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

مزید خبریں