2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے بڈاپسٹ کا نیا منصوبہ، آسٹریا اور سلوواکیہ بھی شریک ہوں گے
2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے بڈاپسٹ کا نیا منصوبہ، آسٹریا اور سلوواکیہ بھی شریک ہوں گے

مزید خبریں
بڈاپسٹ۔20نومبر (اے پی پی):ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ نے 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے نیا علاقائی منصوبہ تیار کرنے پر غور شروع کردیا ہے، جس کے تحت پڑوسی ممالک آسٹریا اور سلوواکیہ کے موجودہ کھیلوں کے مراکز کو بھی استعمال کیا جائے گا۔ شنہوا کے مطابق منصوبے کے تحت بڈاپسٹ مرکزی میزبان شہر ہوگا جبکہ ویانا اور بریٹیسلاوا میں بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جاسکیں گے۔اس تجویز کا مقصد نئے سٹیڈیمز اور کھیلوں کے مراکز کی تعمیر پر اخراجات کم کرنا اور پہلے سے موجود سہولتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔ بڈاپسٹ کے میئر گرگیلی کاراچونی نے بتایا کہ وہ ویانا اور بریٹیسلاوا کے میئرز سے اس منصوبے پر بات کرچکے ہیں اور دونوں جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔
تاہم منصوبہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس کے لیے ٹرانسپورٹ، مالی وسائل اور عوامی مشاورت سمیت کئی معاملات طے کرنا باقی ہیں۔ہنگری کی اولمپک کمیٹی کے صدر زولٹ گیولائی کے مطابق اس منصوبے میں ہنگری کے دیگر شہروں سیگڈ اور ڈیبریسن کو بھی شامل کیا جائے گا۔ مختلف کھیلوں کے مقابلے خطے کے موجودہ سٹیڈیمز میں منعقد کرنے جبکہ کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑے اولمپک ولیج کے بجائے کئی چھوٹے رہائشی مراکز قائم کرنے کی تجویز ہے۔عالمی اولمپک کمیٹی نے 2036 کے اولمپکس کی میزبانی میں دلچسپی رکھنے والے 7 ممالک کی تصدیق کی ہے، جن میں ہنگری، جرمنی، بھارت، قطر، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ اور ترکیہ شامل ہیں۔
میزبان ملک کا انتخاب 2029 کے وسط میں متوقع ہے۔ہنگری کی اولمپک کمیٹی اور بڈاپسٹ کی شہری حکومت کھیلوں کے مقامات کا مجوزہ منصوبہ تیار کررہی ہیں، جسے عالمی اولمپک کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ حکام کو امید ہے کہ مارچ 2027 تک انتخابی عمل کے اگلے مرحلے میں پیش رفت ہوسکے گی۔منصوبے میں دریائے ڈینیوب کو مرکزی اہمیت حاصل ہوگی جبکہ بہتر ریلوے نظام، ہوائی اڈے تک رسائی، طلبہ کی رہائش اور دریا کے کنارے عوامی مقامات کی ترقی بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق اولمپکس کی میزبانی سے معذور افراد کے لیے سفری سہولتوں اور عوامی مقامات کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔منصوبے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے ترقیاتی فنڈز، نجی سرمایہ کاری اور سخت مالی نگرانی کے ذریعے اخراجات کو قابو میں رکھنا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ ہوٹلوں اور دیگر سیاحتی سہولتوں کی تعمیر بھی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کی جائے گی تاکہ اولمپکس کے بعد بھی ان کا مؤثر استعمال ممکن ہوسکے۔حکام کے مطابق اس منصوبے کی کامیابی کا اصل معیار اولمپکس کے انعقاد کے بعد بھی عوام کو حاصل ہونے والی سہولتیں ہوں گی، جن میں بہتر ٹرانسپورٹ، کھیلوں کے مراکز اور جدید عوامی مقامات شامل ہیں۔







