ہیپاٹائٹس سی سے پاک گلگت بلتستان‘‘ صوبے کے عوام کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کی واضح ضمانت ہے، وزیر اطلاعات گلگت بلتستان

صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی سید جلال علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا ویژن ’’ہیپاٹائٹس سی سے پاک گلگت بلتستان‘‘ صوبے کے عوام کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کی واضح ضمانت ہے

گلگت۔ 20 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی سید جلال علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کا ویژن ’’ہیپاٹائٹس سی سے پاک گلگت بلتستان‘‘ صوبے کے عوام کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کی واضح ضمانت ہے، اس تاریخی اور مفادِ عامہ کے اقدام کے تحت صوبائی حکومت، وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون سے صوبے کے تمام اضلاع میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ اور مفت علاج کی سہولیات کامیابی سے فراہم کر رہی ہے۔ جمعہ کو جاری ایک بیان میں ​وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس پروگرام کا مقصد گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں سمیت تمام شہریوں کو گھر کی دہلیز پر بنیادی اور جدید طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس مہم کے تحت نہ صرف ہیپاٹائٹس سی کی مفت اسکریننگ (ٹیسٹنگ) کی جا رہی ہے بلکہ تشخیص ہونے والے مریضوں کو مکمل اور معیاری علاج و ادویات بھی بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔​سید جلال علی شاہ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے خود اپنا ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ ٹیسٹ کروا کر عوامی قیادت کی ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔

ان کا یہ قدم اس بات کا بین ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی صحت، تندرستی اور موذی بیماریوں کے خاتمے کے لیے انتہائی سنجیدہ اور عمل پیرا ہے۔​وزیر اطلاعات نے معاشرے کے تمام طبقائے فکر سے اس مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی کہ ​علماء کرام اور مذہبی راہنما منبر و محراب سے عوام میں ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کی اہمیت اور آگاہی اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔​سول سوسائٹی اور نوجوان فیلڈ ٹیموں کا ساتھ دیں اور لوگوں کو طبی مراکز تک پہنچنے کی ترغیب دیں۔عام شہری بلا جھجھک اور بغیر کسی تاخیر کے اپنے قریبی سرکاری طبی مراکز پر جا کر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا اسکریننگ ٹیسٹ کروائیں۔​اپنے بیان کے اختتام پر وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہیپاٹائٹس سی جیسے موذی مرض پر قابو پانے کے لیے بروقت تشخیص انتہائی ضروری ہے۔ اگر ابتدائی مرحلے میں ہی بیماری کی نشاندہی ہو جائے تو مفت علاج کے ذریعے مریض کو مکمل شفایابی مل سکتی ہے۔

تمام شہریوں کے تعاون سے ہم ان شاء اللہ گلگت بلتستان کو ہیپاٹائٹس سی سے مکمل طور پر پاک کرنے کے ہدف کو حاصل کر لیں گے۔