ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد کا ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کے ضلعی دفتر کا دورہ، آپریشنل تیاریوں اور ونٹر کنٹیجنسی پلان کے انتظامات کا جائزہ لیا

مشیر اطلاعات و نشریات و محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور کی ہدایات پر ڈائریکٹر

پشاور۔ 20 نومبر (اے پی پی):مشیر اطلاعات و نشریات و محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور کی ہدایات پر ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی ریسکیو سروسز خیبر پختونخوا ڈاکٹر خطیر احمد نے ریجنل ڈائریکٹر سنٹرل عارف خٹک کے ہمراہ ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کے ضلعی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ونٹر کنٹیجنسی پلان کے تحت موسم سرما میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، برفباری سے متاثرہ علاقوں اور سیاحتی مقامات پر ریسکیو انتظامات اور ادارے کی مجموعی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ضلعی دفتر آمد پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حفیظ الرحمٰن نے ڈائریکٹر جنرل اور ریجنل ڈائریکٹر کا استقبال کیا جبکہ ریسکیورز کے چاق و چوبند دستے نے ڈائریکٹر جنرل کو سلامی پیش کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے ریسکیو 1122 کے مختلف شعبہ جات، ایمرجنسی سروسز سے متعلق اسٹالز، جدید آلات، مشینری اور دستیاب آپریشنل وسائل کا معائنہ کیا۔ انہیں ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مختلف نوعیت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار اور عوام کو فراہم کی جانے والی ریسکیو سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر خطیر احمد نے کنٹرول روم کا بھی جائزہ لیا جہاں انہیں ایمرجنسی کالز کی مانیٹرنگ، کال ڈسپیچ سسٹم، فیلڈ ٹیموں کی نگرانی اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو آپریشنز کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ ونٹر کنٹیجنسی پلان کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد، گلیات اور دیگر سیاحتی مقامات پر موسم سرما کے دوران برفباری اور شدید سردی کے پیش نظر تمام ریسکیو وسائل اور افرادی قوت کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے۔

سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر حساس اور زیادہ رش والے مقامات پر ہنگامی امداد کی فوری فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ تمام ریسکیو گاڑیوں، ایمبولینسز، مشینری اور ایمرجنسی آلات کی فعالیت یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برفباری سے متاثرہ علاقوں، دشوار گزار راستوں اور اہم سیاحتی مقامات پر ریسکیو ٹیموں کی دستیابی اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، محکمہ سیاحت اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری برقرار رکھی جائے تاکہ سیاحوں اور مقامی آبادی کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

ڈائریکٹر جنرل نے ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور عوامی خدمت کے جذبے کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریسکیو 1122 کا بنیادی مقصد مشکل اور ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کا تحفظ اور عوام کو بروقت، مؤثر اور معیاری امدادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں پوری پیشہ ورانہ مہارت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔