وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر بچے کو محبت، دعائوں اور رحمتوں سےسلام پیش کرتی ہوں
بچوں کی صحت اور اعلیٰ تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

مزید خبریں
لاہور۔20نومبر (اے پی پی):وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر بچے کو محبت، دعائوں اور رحمتوں سےسلام پیش کرتی ہوں،جہاں بچے محفوظ ہوں وہاں مستقبل روشن ہوتا ہے۔ بچوں کے عالمی دن کے موقع پرپیار اور شفقت بھرے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ہر قدم بچوں کی بھلائی، حفاظت اور خوشیوں کے لیے ہے۔ بچوں کی صحت اور اعلی تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہے۔ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام سے ہزاروں بچوں کی زندگیاں بچائیں۔
شوگر کے مریض بچوں کو انسولین کِٹس گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔ آٹسٹک بچوں کے لیے پاکستان میں خصوصی آٹزم سکول قائم کر دئیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ننھے بچوں کے لئے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف ارلی ایجوکیشن ہر ضلع میں قائم ہونگے۔ ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پروگرام بچوں کی گمشدگی،استحصال اور خطرات کے کیسز جدید ترین نظام کے تحت حل کررہا ہے۔ چائلڈ لیبر کے انسداد کے لئے سخت کریک ڈاون جاری ہے۔بچوں کے خلاف تشدد اور بھیانک جرائم کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب میں بچوں کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں۔
غذائی قلت کے شکار بچوں کیلئے جنوبی پنجاب میں سکول میل پروگرام شروع کیا تاکہ بھوک تعلیم کی راہ میں حائل نہ ہو۔سرکاری سکولوں کے بچوں کے سکول میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ خصوصی بچوں کو مصنوعی اعضا، ہیرنگ ایڈزاور وِیل چیئرز فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بچہ محروم،لاچار یا نظر انداز دکھائی دے تو نیند نہیں آتی۔جب تک ہر بچے کی آنکھ میں خوبصورت مستقبل کی چمک نہیں آتی جدوجہد مکمل نہیں ہوگی۔ پنجاب کاہر بچہ پڑھے گا، صحت مند ہوگا، مسکرائے گا ماں اپنے بچوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی۔








