وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے ٹویٹ کا مناسب فورمز کے ذریعے جواب دےدیا گیا، کوئی این آر او نہیں ہو رہا، اس حوالہ سے قیاس آرائیاں مناسب نہیں، یہ فیصلہ جماعت کا ہو گا کہ ملک کا آئندہ وزیراعظم کس نے بننا ہے، مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے …

اسلام آباد ۔ 5 جنوری (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے ٹویٹ کا مناسب فورمز کے ذریعے جواب دےدیا گیا، کوئی این آر او نہیں ہو رہا، اس حوالہ سے قیاس آرائیاں مناسب نہیں، یہ فیصلہ جماعت کا ہو گا کہ ملک کا آئندہ وزیراعظم کس نے بننا ہے، مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی، میری کوشش ہے کہ سیاست مستحکم ہو، انتخابات وقت پر اور منصفانہ ہوں تاکہ جمہوریت کا سفر چلتا رہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ کارروائیاں کیں اور سب سے زیادہ نقصان اٹھایا، ہم نے پاکستان سے دہشت گردی کو ختم کر دیا، افغانستان سے دہشت گرد آ کر ہمارے ملک میں حملے کر رہے ہیں، دنیا کو چاہئے کہ وہ افغانستان میں امن قائم کرے، اس سلسلہ میں ہم اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا کہ کوئی این آر او نہیں ہو رہا، مجھ سے کسی نے این آر او کی بات نہیں کی، این آر او پاکستان کا قانون تھا،سعودی عرب کا نہیں، نواز شریف اور شہباز شریف نجی دورہ پر سعودی عرب گئے، ان کے اپنے تعلقات ہیں اور وہ اکثر عمرے پر بھی جاتے ہیں، اس حوالہ سے قیاس آرائی کرنا یا اخبارات کی زینت بنانا مناسب نہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں مسلم لیگ (ن) کا نمائندہ ہوں، میری کوشش ہے کہ سیاست مستحکم ہو، انتخابات وقت پر اور منصفانہ ہوں تاکہ ملک میں جمہوریت کا سفر چلتا رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 28 جولائی کو عدالت کا جو فیصلہ آیا اس پر رائے زنی نہیں کروں گا لیکن یہ ضرور کہوں گا اسے عوام نے قبول نہیں کیا، فیصلہ کے پیمانے کے بارے وقت خود بتا دے گا، ہم نے اس پر عمل کر دیا ہے۔

Leave a Reply