وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ملالہ یوسف زئی کے اعزاز میں تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ پاکستان نے لڑی اور اس میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی مسلح افواج، پولیس، سیکورٹی اداروں اور عام شہریوں نے اس جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جن کی بدولت آج پاکستان میں امن قائم ہو چکا ہے۔ وہ جمعرات کو وزیراعظم …

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ پاکستان نے لڑی اور اس میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کی مسلح افواج، پولیس، سیکورٹی اداروں اور عام شہریوں نے اس جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جن کی بدولت آج پاکستان میں امن قائم ہو چکا ہے۔ وہ جمعرات کو وزیراعظم آفس میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر متعدد وفاقی وزرائ، اراکین اسمبلی، طلباءو طالبات اور معززین موجود تھے۔ تقریب سے ملالہ یوسف زئی نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں شریک وفاقی وزراءاور ارکان اسمبلی سمیت مختلف شخصیات نے ملالہ یوسف زئی کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ آج ہماری بچی جس نے دنیا میں بے پناہ شہرت حاصل کی، وہ اپنے گھر واپس آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی جب یہاں سے گئیں تو صرف 13 سال کی تھیں اور اب واپس آئی ہیں تو وہ دنیا کی ایک مشہور شخصیت ہیں۔ دنیا نے ان کو عزت دی ہے، پاکستان بھی ان کو عزت دے گا۔ انہوں نے ملالہ یوسف زئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آپ کا گھر ہے، ہم آپ کو یہاں خوش آمدید کہتے ہیں، آپ جب چاہیں یہاں آئیں۔ اب آپ عام شہری نہیں ہیں، آپ کی سکیورٹی ہم پر لازم ہے۔