مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی رہنماﺅں سے خطاب

اسلام آباد ۔ 26 اپریل (اے پی پی) |مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن قریب ہوں تو آخری دنوں میں فصلی بٹیروں کی اڑانیں ہوتی ہیں، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کا ساتھ حاصل ہے، ہم حوصلہ اور جذبہ میں ہیں، ”ووٹ کو عزت دو“ کے معاملہ پر ہمیں کوئی کمپرو مائز نہیں کرنا چاہئے، 22 …

اسلام آباد ۔ 26 اپریل (اے پی پی) |مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن قریب ہوں تو آخری دنوں میں فصلی بٹیروں کی اڑانیں ہوتی ہیں، اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کا ساتھ حاصل ہے، ہم حوصلہ اور جذبہ میں ہیں، ”ووٹ کو عزت دو“ کے معاملہ پر ہمیں کوئی کمپرو مائز نہیں کرنا چاہئے، 22 کروڑ عوام کا ہم پر قرض ہے کہ ان کا مستقبل ٹھیک کرنا ہے، کسی سے ڈرنا نہیں ہے، نکلیں گے تو ملک ٹھیک ہو گا، اﷲ تعالیٰ ہماری مہم اور جدوجہد کو اس مرتبہ ضرور کامیابی عطا کرے گا اور اس جدوجہد کو آخری وقت تک جاری رکھوں گا، نیب میں تمام مقدمات کرپشن سے متعلقہ ہی ہوتے ہیں لیکن آج تک نیب میں میری طرح کا کوئی کیس نہیں آیا، میرا کیس نہ اختیارات کے ناجائز استعمال کا ہے اور نہ ہی کرپشن سے متعلق ہے، مجھ پر رائے ونڈ روڈ کو 20 فٹ سے زیادہ چوڑی کرنے کے حوالہ سے بھی ایک نیا کیس بنایا جا رہا ہے، غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ڈالر کی قدر بڑھ رہی ہے، سٹاک مارکیٹ 53 ہزار سے 37 پوائنٹس پر آ گئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر گرتے جا رہے ہیں، ان حالات میں پاکستان کیسے ترقی کرے گا، ہمیں ورثہ میں 3.94 فیصد شرح نمو ملی تھی جس کو ہم نے 5.4 فیصد تک پہنچا دیا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اس مرتبہ 5.96 فیصد پر آ جائے گی۔