سعودی عرب کی قیادت ہمیشہ سے آئمہ حرمین اور علما کی عزت کرتی ہے ، ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس

Dr. Abdul Rahman Al Sudis

مکہ مکرمہ ۔13اپریل (اے پی پی):ادارہ الحرمین الشریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے آئمہ حرمین کا احترام اور ان کی عزت افزائی حیرت انگیز امر نہیں بلکہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت کی اعلی قیادت ہمیشہ سے ہی الحرمین الشریفین کے آئمہ اور علما کرام کی عزت اور انکا احترام کرتی ہے۔

سبق نیوز کے مطابق شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے جاری بیان میں کہا کہ آئمہ حرمین و علما کی عزت و تکریم کرنا بانی مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن کے دور سے ہی قیادت کے رہنما اصول رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ولی عہد نے عید الفطر کی نماز الحرمین الشریفین کے آئمہ اوردیگر علما کرام کے ساتھ ادا کی بعدازاں ان سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے الحرمین الشریفین کے آئمہ اور علمائے کرام سے ملاقات کے دوران جو گرم جوشی اور مسرت کا اظہار دیکھنے میں آیا وہ دراصل علماء کرام سے انکا قلبی لگاو محبت اور عقیدت ہے ۔

شیخ السدیس نے کہا کہ ولی عہد کے علما و آئمہ سے قربت کے یہ جذبات واحساسات درحقیقت انہیں وراثت میں ملیں ہیں جو علما اور علم سے انکی محبت کی دلیل ہیں۔