اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):ایوان صدر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطبہ دیا۔
انہوں نے اپنے خطبہ میں کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے کا تقاضا ہے کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور ان کی حیات طیبہ کے عملی اسباق سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے اردگرد کے لوگوں کی تربیت کا اہتمام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، مسلمانوں کے لیے لازم ہے کہ وہ کسی کے لئے تکلیف کا باعث نہ بنیں۔
انہوں نے معاشرے میں منافرت پر مبنی رویوں سے اجتناب برتنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اللہ کی مخلوق کے ساتھ احسان اور حسن سلوک سے پیش آنا چاہیے۔ ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے راستے کی رکاوٹیں دور کرنے اور لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ہدایت پر لوگوں کی رہنمائی کے لئےایوان صدر کی جامع مسجد سے خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے