بیگم ثمینہ علوی کا خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سابق سفیر نائلہ چوہان کی پینٹنگ کی نمائش کے موقع پر تقریب سے خطاب

Screenshot 2023-03-07 184426

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو مساوی حقوق کی فراہمی اور خاص طور پر تعلیم اور صحت کی سہولیات تک ان کی رسائی بڑھانا معاشرے کی ترقی کے لئے اہم ہے۔

منگل کو خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سابق سفیر نائلہ چوہان کی پینٹنگ کی نمائش کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ علوی نے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے پر زور دیا تاکہ انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے میں مدد ملے۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ’آرٹ فرام دی ہارٹ‘ کے عنوان سے سولو نمائش میں خواتین کی جدوجہد کی عکاسی کی گئی ہے ۔ ثمینہ علوی نے خواتین سے متعلق صحت کے مسائل بشمول چھاتی کے کینسر اور دماغی امراض کے بارے میں بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ چھاتی کا کینسر خواتین میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ اس کے علاوہ، ملک کی 24 فیصد آبادی کو مختلف نوعیت کے نفسیاتی مسائل کا سامنا ہے، جن کی اکثریت خواتین پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت اور وہ خود سماجی شعبے میں خاص طور پر چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی، خواتین کی مالی شمولیت، خصوصی افراد اور دماغی صحت سے متعلق مسائل میں غیر معمولی کام کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایوان صدر نے پاکستان میں ذہنی صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانے کا کام بھی شروع کیا ہے تاکہ ملک بھر میں دماغی صحت کے امراض کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوشش کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے طبی مشورے فراہم کرنے کے لئے دماغی صحت کی ہیلپ لائن اور مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سرکاری ہسپتال میں اسکریننگ سینٹر کی طرف سے کی گئی حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 32 فیصد جواب دہندگان نے بتایا کہ میڈیا کے ذریعے انہیں چھاتی کے کینسر اور سکریننگ کے بارے میں معلومات حاصل ہوئیں۔ ثمینہ علوی نے خواتین سے متعلق مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے نائلہ چوہان کی پینٹنگز کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرٹ، سفارت کاری کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر سابق سفیر نائلہ چوہان نے کہا کہ ان کی پینٹنگز سماجی اور خواتین کے مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کا ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے لیے ان کی مضبوط وکالت کے اعتراف میں، یونیسکو نے ان کی پینٹنگز کی ایک سولو نمائش کا انعقاد کیا، جو 2002 سے پیرس میں اس کے ہیڈکوارٹر میں مستقل نمائش کے لئے رکھی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایوب جمالی نے کہا کہ پی این سی اے ملک کے اہم پہلوؤں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے اور کمیونٹی کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ نائلہ چوہان کی پینٹنگز کی نمائش 9 مارچ تک کھلی رہے گی اور اس سے حاصل ہونے والی رقم عطیہ کی جائے گی۔