محرم الحرام کی آمد ،ڈپٹی کمشنر پشاورکا متعلقہ انتظامی افسران کے ہمراہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا دورہ،انتظامات کاجائزہ لیا

محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)ثناءاللہ خان نے ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد داؤد سلیمی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ذیشان نجیب دیگر انتظامی افسران، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ، ڈبلیو ایس ایس پی اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ اندرون شہر محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا

پشاور۔ 05 جون (اے پی پی):محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)ثناءاللہ خان نے ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد داؤد سلیمی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ذیشان نجیب دیگر انتظامی افسران، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ، ڈبلیو ایس ایس پی اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ اندرون شہر محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر پشاورکے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس، ٹریفک مینجمنٹ، روڈ لائننگ، سکیورٹی انتظامات، سی سی ٹی وی کیمروں کی فعالیت اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے صفائی اور سینیٹیشن کے انتظامات مزید بہتر بنانے، جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے، سٹریٹ لائٹس کی مرمت، ٹریفک کے متبادل منصوبے مرتب کرنے اور سکیورٹی کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے حوالے سے ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر پشاور نے ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کے ہمراہ پولیس سٹیشن شہید خان رازق میں قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی، مانیٹرنگ اور ایمرجنسی رسپانس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کنٹرول روم میں دستیاب سہولیات، مانیٹرنگ سسٹم اور رابطہ کاری کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے سپریم کمانڈ پوسٹ کا بھی دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی امور کی مؤثر نگرانی کےحوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات دیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔