ایورسٹ پر معجزہ، مردہ تصور کیے جانے والے نیپالی گائیڈ دوا شیرپا 6 روز بعد زندہ مل گئے

دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 روز قبل لاپتہ ہونے والے 52 سالہ نیپالی کوہ پیما گائیڈ دوا شیرپا ناقابل یقین طور پر زندہ سلامت مل گئے ہیں۔

کھٹمنڈو۔5جون (اے پی پی):دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر 6 روز قبل لاپتہ ہونے والے 52 سالہ نیپالی کوہ پیما گائیڈ دوا شیرپا ناقابل یقین طور پر زندہ سلامت مل گئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق مائونٹ ایورسٹ چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی پر 7,500 میٹر کی قاتل بلندی پر لاپتہ ہونے والے نیپالی کوہ پیمادوا شیرپا کو مردہ سمجھ کر ان کے اہل خانہ نے آخری رسومات کی دعائیں بھی کر دی تھیں، تاہم جمعرات کو وہ شدید فراسٹ بائٹ کے باوجود بیس کیمپ کے قریب کھمبو آئس فال پر رینگتے ہوئے پائے گئے۔ ریسکیو حکام نے اسے تاریخ کا انوکھا ترین "سیلف ریسکیو” اور حقیقی معجزہ قرار دیا ہے کیونکہ اتنی بلندی پر آکسیجن کی شدید کمی کے باوجود 6 دن تک اکیلے زندہ رہنا ناممکن مانا جاتا تھا۔ برطانوی کوہ پیما کرس تھرال کے ساتھ 11 روز کی کٹھن مہم کے بعد لاپتہ ہونے والے دوا شیرپا نے ممکنہ طور پر خود کو بچانے کے لیے راستے میں موجود خیموں کا سہارا لیا۔ دوا شیرپا کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری طور پر کھٹمنڈو کے ہیمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں آئی سی یو میں ان کا علاج جاری ہے، ڈاکٹروں کے مطابق وہ ہوش میں ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔