ملتان۔ 20 مئی (اے پی پی):آلٹرنیٹو ریسرچ انیشیٹو اور سن کنسلٹنٹ کے زیر اہتمام خواتین یونیورسٹی ملتان میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات اور اس کے تدارک کے حوالے سے ایک آگہی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے نوجوان نسل کو تمباکو نوشی جیسی خطرناک عادت سے بچانے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے مؤثر …
خواتین یونیورسٹی ملتان میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے بارے پروگرام کا انعقاد

مزید خبریں
ملتان۔ 20 مئی (اے پی پی):آلٹرنیٹو ریسرچ انیشیٹو اور سن کنسلٹنٹ کے زیر اہتمام خواتین یونیورسٹی ملتان میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات اور اس کے تدارک کے حوالے سے ایک آگہی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ماہرین، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے نوجوان نسل کو تمباکو نوشی جیسی خطرناک عادت سے بچانے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے مؤثر قانون سازی اور آگہی مہمات کی ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام کے آغاز پر سلطان محمود ملک نے کہا کہ “تمباکو سے پاک پاکستان” مہم کے تحت ملک کے تین صوبوں اور 13 اضلاع میں آگہی پروگرامز جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ افراد سگریٹ نوشی کرتے ہیں جن میں مردوں کے ساتھ خواتین کی تعداد بھی شامل ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی اس رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی کے باعث ہر سال لاکھوں افراد مختلف جان لیوا بیماریوں اور اموات کا شکار ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر محمد عبدالسمیع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی تمباکو نوشی کے مسئلے سے شدید متاثر ہے اور ایک اندازے کے مطابق روزانہ 1200 نوجوان سگریٹ نوشی شروع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ کے ایک کش سے انسانی جسم میں ہزاروں مضر کیمیکل داخل ہوتے ہیں جو کینسر، دل اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے بتایا کہ خواتین یونیورسٹی میں ٹوبیکو کنٹرول کمیٹی قائم کر دی گئی ہے تاکہ کیمپس کو ٹوبیکو فری زون بنایا جا سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اسماء اکبر اور بریرہ بی بی نے تمباکو قوانین پر سختی سے عملدرآمد، عوامی مقامات پر نو اسموکنگ زونز کی نشاندہی اور تعلیمی اداروں کے اطراف ویپ شاپس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر “تمباکو نوشی پر پابندی اور غیر تمباکو نوش افراد کی صحت کے تحفظ آرڈیننس 2002” کے حوالے سے آگہی دیوار کا افتتاح بھی کیا گیا۔








