دنیا میں کورونا وائرس کی وبا سے30 لاکھ 58 ہزاراموات، متاثرین کی تعداد 14 کروڑ 35 لاکھ سے متجاوز

61
دنیا میں کورونا وائرس کی وبا سے30 لاکھ 58 ہزاراموات، متاثرین کی تعداد 14 کروڑ 35 لاکھ سے متجاوز
دنیا میں کورونا وائرس کی وبا سے30 لاکھ 58 ہزاراموات، متاثرین کی تعداد 14 کروڑ 35 لاکھ سے متجاوز

نیویارک، نئی دہلی، ریوڈی جنیرو ۔21اپریل (اے پی پی):دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے اموات کی تعداد30لاکھ 58 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد14کروڑ35لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ بدھ کوامریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد143577739ہے، وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک3058230 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا کے فعال متاثرین کی تعداد18306041ہے، کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور میکسیکو ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔

امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد32536470 ہے جبکہ فعال متاثرین کی تعداد6848479 ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک582456 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر کے دوران بھی امریکہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ25105535 سے زائد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ امریکہ میں لوگوں کو مہلک کورونا وائرس سے بچانے کیلئے اب تک 21کروڑ15 لاکھ زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کورونا وائرس سے مزید 3321 اموات ہوئی ہیں۔

برازیل میں مہلک وائرس سے ہلاکتوںکی تعداد3 لاکھ78 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک میں مریضوں کی تعدادایک کروڑ40لاکھ تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں اس دوران کورونا وائرس کے 69381 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد14050885ہے۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد378530 ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس وقت کورونا وائرس کے1110666فعال مریض ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک کروڑ56 لاکھ 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید2023افراد کی ہلاکت کے بعد مہلک وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

ملک بھر میں مہلک کورونا وائرس کا پھیلاو تیزی سے جاری ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا کے ریکارڈ دو لاکھ95 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آئے ہیں جس سے کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 15616130ہوگئی ہے۔ اس دوران مزید2023کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 182570ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کے حکام کے مطابق ملک میں کورونا کے 295041نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے، بھارت میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد2157521ہے۔