سوڈان کے متحارب فریق فوری طور پر جنگ بند کریں،چین

81
China
China

اقوام متحدہ ۔17نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب ڈائی بنگ نے سوڈان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ چینی خبررساں ادارے کے مطا بق ڈائی بنگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ چین سوڈان میں جاری تنازعات، شہریوں کی تکالیف اور ملک کے انسانی بحران پر شدید غمزدہ ہے۔انہوں نے کہاکہ چین اس بات کا خیر مقدم کرتا ہے کہ تنازعے کے دونوں فریقوں نے انسانی ہمدردی کے وعدوں کا اعادہ اور باہمی اعتماد بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

ڈائی بنگ نے کہا کہ چین ثالثی کے عمل میں افریقی یونین اور بین الحکومتی ترقیاتی اتھارٹی کی شرکت کی حمایت اور سعودی عرب، جنوبی سوڈان، مصر اور چاڈ سمیت علاقائی ممالک کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان میں امن و استحکام کی بحالی وہاں کے عوام اور بڑے پیمانے پر عالمی برادری کی مشترکہ خواہش ہے،

امید ہے کہ دونوں فریق اپنے ملک و عوام کے مفادات کو اولین ترجیح دیں گے، فوری جنگ بندی ، امن کی بحالی، ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مل کر کام کریں گے ۔ ان کا کہنا تھاکہ اس وقت سوڈان اور اس کے ہمسایہ ممالک میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی شدید کمی ہے، عالمی برادری بالخصوص روایتی عطیہ دہندگان بحران کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے اپنی امداد جاری ر کھیں۔