تہران ۔24اکتوبر (اے پی پی):ایران کی سکیورٹی فورس پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈرمیجر جنرل علی فدوی نے اسرائیل کے ساتھ براہ راست لڑائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ا ن کاملک بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اسرائیلی شہر حیفا پر میزائل داغ سکتا ہے۔
پروشلم پوسٹ کے مطابق علی فدوی نے تہران یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضروری ہوا اور حکم دیا گیا تو ایران بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اسرائیل کے شمالی شہر حیفا پر حملہ کرے گا۔
انہوں نے ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف براہ راست کارروائی کرنے کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ میں سے کچھ نوجوان عملی اقدام کو حیفا کے لیے براہ راست میزائل سمجھتے ہیں، یقیناً اگر ضروری ہوا تو یہ کیا جائے گا اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کیا جائے گا۔