عوام اب کسی کو تعمیر و ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،محمد نوازشریف

100
پاک بھارت جنگ میں مسلح افواج نے پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے وطن کا دفاع کیا، پارلیمنٹ کا کردار بھی مثبت رہا،صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف

لاہور۔19فروری (اے پی پی):صدر مسلم لیگ (ن ) و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اب کسی کو تعمیر وترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو رائیونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی لیڈر اور امور خارجہ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت کے بنیادی اصولوں اور قدروں سے نا واقف گروہ کو اب لانگ مارچوں، دھرنوں اور پر تشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، 2013 میں تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کا سفر اسی رفتار سے جاری رہتا تو آج ہمیں نہ آئی ایم ایف کی ضرورت ہوتی اور نہ کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے پڑتے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور بالخصوص ہماری نوجوان نسل کو پرامن اور ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی ضرورت ہے جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں،اب ملک اللہ کے فضل وکرم سے ایک بار پھر اپنے پائوں پر کھڑا ہو رہا ہے۔

محمدنوازشریف نے کہاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ان عناصر کے عزائم کو بے نقاب کرنا چاہیے جو انتشار پھیلانے اور عدمِ استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،یہ لوگ سنجیدہ مذاکرات کرنے اور سیاسی افہام وتفہیم کے ساتھ معاملات حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کو موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور عوام سے مضبوط رابطے رکھنے چاہییں۔اس موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی نے محمد نواز شریف کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔