طرابلس۔20نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے302 غیر قانونی تارکین وطن کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا لیا ہے جنہیں واپس لیبیا بھیج دیا گیا ہے ۔
چینی ذرائع ابلاغ نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے ٹویٹ کے حوالے سے بتایا کہ 302 افراد کوگزشتہ رات تین مختلف کارروائیوں میں سمندر میں روکا گیا اور ان کی کشتیوں کو تیز سمندری لہروں میں ڈوبنے سے بچالیا گیا جن میں 50 خواتین اور 22 بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور انٹرنیشنل ریڈ کراس نے تمام زندہ بچ جانے والوں کو طبی امداد اور امدادی اشیاءفراہم کی ہیں۔ لیبیا میں 2011 سے جاری افراتفری اور عدم تحفظ کی صورتحال کے پیش نظربہت سے غیر قانونی تارکین وطن بحیرہ روم کو عبور کرتے ہوئے یورپی ساحلوں تک جانے کی کوشش کرتے ہیں، جنہیں مشکلات کے علاوہ اکثر افسوسنا ک واقعات کا بھی سامنا ہوتا ہے ۔