وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کا چھٹا اجلاس

231

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی کا چھٹا اجلاس منگل کو منعقد ہوا تاکہ مردم شماری کے تیز، شفاف اور قابل اعتماد آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، سیکرٹریز، ڈی جی ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ، ایس ایم بی آر اور محکمہ تعلیم، نادرا کے سینئر افسران شریک تھے۔

اجلاس کا بنیادی مقصد پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی سرگرمیوں اور فیلڈ آپریشنز، مالی ضروریات وغیرہ سے متعلق امور کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لینا تھا۔ چیف ادارہ شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے مردم شماری کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے متعلقہ حکام کو 30 اپریل 2023 تک اسے مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو آن بورڈ ہونا چاہئے اور کسی بھی تنازعہ سے بچنے اور وسائل کے غیر موثر استعمال سے بچنے کے لئے تمام معاملات پر اتفاق رائے ہونا چاہئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پورٹل پر خودشماری کا آپشن کھلنے کے بعد 809,928 افراد نے پورٹل کا وزٹ کیا اور 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 9682 خاندانوں کے ڈیٹا نے کامیابی سے اپنا شمار کیا ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ادارہ شماریات پر دی گئی ٹائم لائنز کے مطابق یکم مارچ 2023 سے یکم اپریل تک مردم شماری کی زبردست فیلڈ مشق شروع کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔

اجلاس میں غیر ملکیوں کی شناخت کے لئے مردم شماری کے سافٹ ویئر میں قومی شناختی کارڈ نمبر شامل کرنے کے امکان کے معاملے پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ تفصیلی غور و خوض اور سٹیک ہولڈرز کی رضامندی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسے قابل اعتماد ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے مردم شماری کے فیلڈ آپریشن سے پہلے شامل کرنے کی تمام کوششیں کی جائیں گی تاہم صوبائی حکومتوں کو اس معاملے کے بارے میں دو دن کے اندر اپنی تحریری رضامندی دینا ہوگی ۔