پاکستان اور امریکہ کا ہر قسم کی دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ

پاکستان اور امریکہ کا ہر قسم کی دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):پاکستان اور امریکہ نے ہر قسم کی دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھنے اور دہشت گردی کے خطرے کے بارے میں بہتر تفہیم پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان-امریکہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ 6-7 مارچ 2023 کو اسلام آباد میں ہوا۔

پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری (یو این اینڈ ای ڈی) وزارت خارجہ سید حیدر شاہ نے کی جبکہ امریکی وفد کی سربراہی محکمہ خارجہ کے قائم مقام کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی کرسٹوفر لینڈبرگ کر رہے تھے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دو روزہ مزاکرات میں کثیرالجہتی فورمز پر انسداد دہشت گردی تعاون، انسداد دہشت گردی کے علاقائی منظر نامے کا جائزہ، سائبر سیکورٹی اور پرتشدد انتہا پسندی کے انسداد سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان میں امریکی امداد کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خاص طور پر انسداد منی لانڈرنگ اور انصاف کے شعبے میں استعداد بڑھانے پر توجہ دی گئی۔ دونوں فریقین نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی صلاحیت کو بڑھانے میں ان منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ فریقین نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اپنے تجربات کا بھی تبادلہ کیا۔ انہوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھنے اور دہشت گردی کے خطرے کے بارے میں بہتر تفہیم پیدا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔