پاکستان پر اشرافیہ قابض رہا جس کی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا، وزیراعظم عمران خان ملک کو اکابرین کے خوابوں کی تعبیر کی طرف لیکر چل رہے ہیں، اس مشن میں ہر ایک کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،سینیٹر شبلی فراز

59

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان پر اشرافیہ اور ایلیٹ گروپ قابض رہے جس کی وجہ سے خطے میں ہمارا ملک پیچھے رہ گیا، 60 کی دہائی میں پاکستان اوپر جا رہا تھا لیکن اس کے بعد ایسی حکومتیں آئیں جنہوں نے اداروں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کر کے ملک کو نقصان پہنچایا، قانون کی علمداری ملکوں کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہوتی ہے، قانون کی حکمرانی اور انصاف کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، پاکستان میں اشرافیہ اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے، وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی کاروبار نہیں، وہ ملک کو اس سمت کی طرف لیکر چل رہے ہیں جس کا خواب 1940ءمیں ہمارے اکابرین نے دیکھا تھا، 70 سال کے بگاڑ کو ٹھیک کر رہے ہیں تاہم پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے مشن میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا، مریم نواز اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے احتساب سے نہیں بچ سکتیں، انہیں چاہیے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور سوالات کا جواب دیں۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو افراد نہیں، ادارے چلاتے ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے اداروں کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کر کے انہیں کمزوور کیا اور میرٹ کی دھجیاں اڑا دیں، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے قائدین نے اقتدار میں آ کر عوام اور ملک کی خدمت کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی جس کی وجہ سے ہمارا ملک پیچھے چلتا گیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ جس ملک کے وزیراعظم اور وزراءکاروبار کرتے ہیں وہ ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی کاروبار نہیں ہے، ان کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک انصاف حکومت ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں خزانہ خالی اور ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے چھوڑ کر گئی تھیں، ان لوگوں نے عوام کو صحت اور تعلیم کی بنیادی اور معیاری سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ایسے منصوبے لگائے جس سے انہوں نے کک بیکس اور کمیشن حاصل کئے، موجودہ حکومت ایسے اقدامات اٹھا رہی ہے جس سے ہیومن ڈویلپمنٹ ہو سکے تاکہ ہر کوئی ملک کو آگے لیکر جانے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکے۔

ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ کوویڈ 19 بحران کے دوران امریکہ سمیت ترقی یافتہ ممالک کی معیشتیں لڑکھڑا گئیں تاہم پاکستانی حکومت نے مربوط حکمت عملی سے عالمی وبا کا مقابلہ کیا اور کورونا کے باوجود ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

براڈشیٹ رپورٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری قانونی ٹیم براڈشیٹ کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے، ریکارڈ کیسے غائب کیا گیا اس حوالے سے تمام حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، ملک کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کو نہ صرف بے نقاب کریں گے بلکہ ان کے خلاف کارروائی بھی ہو گی۔

شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز نیب پیشی کے موقع پر لشکر کشی کی تیاری کر رہی ہیں، وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے اداروں کے سربراہاں کو دھمکانے کی کوشش کر رہی ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور سوالات کا جواب دیں۔

بحیرہ احمر میں پھنسے پاکستانیوں کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دفترخارجہ اور سفارتخانے اس حوالے سے کام کر رہے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ جلد از جلد بحیرہ احمر می پھنسے پاکستانیوں کو بحفاظت طور پر نکالا جائے۔