اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا پر موجودہ حکومت کی تعریف عالمی ادارہ صحت، عالمی اقتصادی فورم اور اکانومسٹ نے کی ہے، ہم نے خود اشتہار نہیں چھاپے، ہم سے چھ گنا بڑا ملک ہم سے خوفزدہ ہے، ملکی سلامتی کے حوالے سے موجودہ حکومت پر تنقید کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ محمد آصف کے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو جو تکلیف ہو رہی ہے اس کی ہمیں سمجھ ہے، کچھ مہینوں سے ایک طوفان کھڑا کردیا گیا ہے کہ حکومت کے آخری دن آگئے ہیں لیکن آج پوری قوم نے دیکھا کہ آرڈیننس کی توسیع میں ووٹنگ پر ان کے صرف تین ارکان کھڑے ہوئے، یہ اپنے اراکین کو کھڑا نہیں کر سکتے تو عوام کو کس طرح متحرک کر سکیں گے۔ اسد عمر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ان کے وزیراعظم اور وزیر دفاع مالی، دھوبی اور نائی کے اقاموں پر نوکریاں کر رہے تھے۔
انہوں نے مسلمانوں کے خون کے پیاسے اور قاتل نریندر مودی کو اپنے گھر پر بلایا، ان کے لئے ساڑھیاں بھجوائیں، یہ لوگ قومی سلامتی کی بات کرتے ہوئے اچھے نہیں لگتے۔ اسد عمر نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے جب کورونا آگیا تو ایک صاحب جو لندن بھاگ گئے تھے، اپنی سی وی کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے لندن سے واپس آئے لیکن انہیں مایوسی ہوئی۔
فرق صرف اتنا ہے کہ جب یہ ڈینگی پر کام کر رہے تھے تو خود اپنے اشتہارات چھاپ رہے تھے، کورونا پر ہماری تعریف عالمی ادارہ صحت، عالمی اقتصادی فورم اور اکانومسٹ نے کی ہے۔ گزشتہ سروے میں 86 فیصد پاکستانیوں نے قرار دیا کہ کورونا پر حکومت نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے پانچ پانچ سال حکومتیں کیں، یہ نااہل حکومتیں تھیں۔ 10 سالوں میں اس ایوان سے ایک روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور نہیں ہوا۔
ہماری حکومت نے 400 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی اور اگلے چھ ماہ میں مزید 600 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف ایکسپائر آرڈیننس کی بات کر رہے ہیں، اس پر سپیکر کی رولنگ آچکی ہے لیکن میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ ایک ایکسپائر سیاستدان کی تقریریں سننا ہم پر لازم ہے کہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بات کی ہے، اس پر اگر جے یو آئی کے ارکان بات کرتے تو اس میں وزن ہوتا۔ تحریک انصاف نے اکیلے 15 تحصیلیں جیتی ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور اے این پی نے مل کر 9 تحصیلیں جیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری وہ جماعت ہے جس کے لیڈر نے کہا تھا کہ پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اس حکومت نے دشمن کے جہاز گرا کر پائلٹ کو چائے پلا کر ذلیل کردیا، ہم سے چھ گنا بڑا ملک ہم سے خوفزدہ ہے، اس کے باوجود اس جماعت کے ایک رہنما نے اس ایوان میں کہا کہ خوف سے ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے حوالے سے موجودہ حکومت پر تنقید کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔