حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، معاونین کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حجاج کرام کو ہرقسم کی معاونت اور سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتےہوئے کہا ہے کہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، حجاج کرام کے لئے معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق …

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حجاج کرام کو ہرقسم کی معاونت اور سہولت کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتےہوئے کہا ہے کہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، حجاج کرام کے لئے معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ا ن خیالات کا اظہار وزیراعظم نے پیر کو یہاں حج 2025 کی تیاریوں کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، چوہدری سالک حسین اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو حج 2025 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی حجاج کرام کو سمز کی فراہمی پاکستان سے کی جائے گی اور حجاج کی معاونت کے لئے حج موبائل ایپلی کیشن بھی فعال ہے۔ اجلاس کو حج فنڈ پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس پر کام حتمی مراحل میں ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہاکہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں۔حج 2025 میں حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے۔حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ تیار کرکے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے۔ حجاج کرام کو حج 2025 کے حوالے سے تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیرِ اعظم نے حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران تعینات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں، حکومت کی جانب سے ان کی خدمت و معاونت میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کروں گا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حجاج کرام کی رہائش، سفری و دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔حجاج کرام کے لئے معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

مزید خبریں
اوٹاوا میں پرچم کشائی، قائداعظم کے وژن اور پاکستان کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں پاکستان کے ہائی کمیشن جبکہ مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستان کے تینوں قونصل جنرلز نے پاکستان کا 80واں یومِ آزادی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات منائیں۔اوٹاوا میں ہائی کمیشن کی چانسری میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان کی آزادی، قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور پاکستانی قوم کے عزم و اتحاد کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر صدرِ پاکستان، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔یومِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا بھی آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قائداعظم کی زندگی، قیادت اور قیامِ پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم پیش کی گئی جبکہ قائداعظم کی زندگی کے اہم لمحات اور پاکستان کی تاریخ کے نمایاں سنگِ میل پر مبنی ڈیجیٹل تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی لازوال خدمات اور ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قائداعظم کے ایک پُرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ریاستوں کے درمیان امن، مذاکرات، تعاون اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔تقریب میں گریٹر اوٹاوا کے علاقے سے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں اور پاکستان کے دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستانی خاندانوں، بالخصوص نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے حب الوطنی کے جذبے کی بھرپور عکاسی کی۔شرکا نے ملک کے دفاع اور قومی امنگوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی بہادری و قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 150واں یومِ پیدائش نوجوان نسل کو ان کے اصولوں، دوراندیشی اور پاکستان کے لیے ان کے وژن سے رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔