گورنر خیبرپختونخوا سے اٹلی کے ایف آر آئی-ای ایل گروپ کے وائس چیئرمین کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا سے اٹلی کے ایف آر آئی-ای ایل گروپ کے وائس چیئرمین کی ملاقات

پشاور۔ 30 ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اٹلی کے ایف آر آئی-ای ایل گروپ کے وائس چیئرمین جوزف گوسٹنر اور اسکائی آلپس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلکس اسپیناٹو نےملاقات کی۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ساؤتھ ایئر پاکستان کے چیئرمین کنور محمد طارق، ایس او ایس گروپ کے سینئر گروپ ایڈوائزر سہیل علی خان اور ساؤتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں فضائی رابطوں کے فروغ اور ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لیے ایئر ایمبولینس سروس کے آغاز کی تجویز بھی زیر غور آئی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں فضائی رابطوں کے فروغ کے لیے ایف آر آئی-ای ایل گروپ، اسکائی آلپس اور ساؤتھ ایئر کی دلچسپی کو سراہا۔ گورنر نے کہا کہ بہتر فضائی رابطوں سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں کے عوام کو ضروری خدمات تک رسائی میں سہولت ملے گی۔ فیصل کریم کنڈی نے ہوا بازی کے شعبے میں ایسے اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا جو صوبے میں علاقائی رابطوں اور عوامی سہولیات میں بہتری کا باعث بنیں۔