پنجاب یونیورسٹی،کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پینٹ انڈسٹری پر سیمینار کا انعقاد

پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پینٹ انڈسٹری میں طریقہ کار، مصنوعات اور عملی اطلاق کے موضوع پر خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا گیا

لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پینٹ انڈسٹری میں طریقہ کار، مصنوعات اور عملی اطلاق کے موضوع پر خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سید نادر حسین نے سابق طالبعلم کا خیر مقدم کیا اورانسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی بیچ 1964 سے تعلق رکھنے والے انجینئر احمد آصف مرزا کا طلبہ سے تعارف کرایا۔انہوں نے پینٹ اور سطحی کوٹنگز کی صنعت میں انجینئر مرزا کے پیشہ وارانہ کیریئر اور خدمات کو اجاگر کیا اور اپنے مادرِ علمی سے انکے مسلسل تعلق اور تعاون کو سراہا۔

طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر احمد آصف مرزا نے صنعتی شعبے میں اپنے وسیع تجربات بیان کئے اور پینٹ کی تیاری، خام مال،مصنوعات،انکے استعمالات اور پینٹ انڈسٹری میں کیمیکل انجینئرز کے کردار کے حوالے سے عملی معلومات فراہم کیں۔انہوں نے پینٹ انڈسٹری میں اسٹارٹ اپس اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا۔انہوں نے سماجی ذمہ داری اور اپنی مادرِ علمی کو خدمات واپس دینے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے سابق طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے اداروں کے فائدے کے لیے اپنے علم اور تجربات سے استفادہ کرائیں۔

اس موقع پر اساتذہ اور کیمیکل انجینئرنگ کے مختلف سمسٹرز کے طلبہ بھی موجود تھے۔بعد ازاں ڈائریکٹر آئی سی ای ٹی نے انجینئر احمد آصف مرزا کو یادگاری سووینئرپیش کیا۔