حیدرآباد۔ 06 جون (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے ریٹائرڈ پروفیسروں، افسران، اور ملازمین پر مشتمل ایک فاؤنڈیشن کے قیام کی تجویز دی ہے۔ یہ اقدام یونیورسٹی کی نگرانی میں کیا جائے گا ، جس کا مقصد زرعی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنا ہے۔ گذشتہ روز ڈائریکٹر ایڈمیشنز احمد خان منگی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے …
سندھ زرعی یونیورسٹی کی زرعی ترقی کے لیے کسانوں کی رجسٹریشن مہم کے آغاز کا فیصلہ

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 06 جون (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے ریٹائرڈ پروفیسروں، افسران، اور ملازمین پر مشتمل ایک فاؤنڈیشن کے قیام کی تجویز دی ہے۔ یہ اقدام یونیورسٹی کی نگرانی میں کیا جائے گا ، جس کا مقصد زرعی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنا ہے۔ گذشتہ روز ڈائریکٹر ایڈمیشنز احمد خان منگی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مری نے 12,000 سے زائد کسانوں کی رجسٹریشن کے وسیع منصوبے کا عندیہ دیا۔
وائیس چانسلر نے کہا یہ اقدام زرعی گریجویٹس کے ذریعے کسانوں کی مدد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جو انہیں بیج، نرسری، اینیمل بریڈنگ اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے متعلق اہم معلومات اور مدد فراہم کریں گے۔انہوں نے بتایہ کہ یہ فاؤنڈیشن کامیاب منصوبوں جیسے گرین پاکستان ڈرائیو، این ایل سی، اور فوجی فاؤنڈیشن کی طرز پر قائم کی جائے گی۔ جس کے ذریعے ہم اپنے سینئر پروفیسروں اور افسران کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، اور اس سے منسلک مختلف منصوبے فنڈ ریزنگ کو مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
یونیورسٹی میں زیر تعلیم 10,000 طلباء کی ذمہ داری کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر مری نے کہا کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں میرپورخاص میں مینگو فیسٹیول کے دوران مثالی کسانوں کو رجسٹر کیا ہے اور ان کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔ اس حوالے سے ہمارے مستقبل کے منصوبوں میں سندھ سمیت ملک بھر سے 12,000 کسانوں کی رجسٹریشن شامل ہے، ڈاکٹر مری نے کہا کہ یونیورسٹی ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اس سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں۔
اس لئے یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی کوششیں خاص طور پر کسانوں سے منسلک ہونی چاہئیں، ڈاکٹر فتح مری نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران، ہم نے نئے ڈگری پروگرامز، فیکلٹی اور اسٹاف کی ترقی کے اقدامات، کیپیسٹی بلڈنگ، بین الاقوامی روابط، بجٹ میں نمایاں اضافہ اور اندرونی وسائل میں بہتری حاصل کی ہے۔
جبکہ یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر میں بھی قابل ذکر ترقی ہوئی ہے، ڈاکٹر مری نے امید ظاہر کی کہ یونیورسٹی جلد مالی چیلنجز سے نمٹ لے گی اور ملک کی سب سے ترقی یافتہ یونیورسٹیوں میں سے ایک کا مقام حاصل کرے گی۔ تقریب کے دوران، ریٹائرڈ ڈائریکٹر ایڈمیشنز احمد خان منگی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، رجسٹرار غلام محی الدین قریشی، ڈائریکٹر فنانس انیل کمار، آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر منظور حسین لاکھیر، جنرل سیکریٹری محمد اشرف رستمانی، مختلف شعبوں کے سربراہان اور افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔








