اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر سالانہ امتحان 2026 کے شیڈول اور آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ تعلیمی بورڈ کے مطابق فرسٹ ایئر کا سالانہ امتحان 28 اپریل 2026 سے شروع ہو گا۔ امتحان میں شرکت کے خواہشمند امیدوار نارمل فیس کے ساتھ اپنے آن لائن داخلہ فارم 3 فروری 2026 تک جمع کرا …
فیڈرل بورڈ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر سالانہ امتحان 2026 کا شیڈول جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر سالانہ امتحان 2026 کے شیڈول اور آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ تعلیمی بورڈ کے مطابق فرسٹ ایئر کا سالانہ امتحان 28 اپریل 2026 سے شروع ہو گا۔ امتحان میں شرکت کے خواہشمند امیدوار نارمل فیس کے ساتھ اپنے آن لائن داخلہ فارم 3 فروری 2026 تک جمع کرا سکتے ہیں۔ ڈبل فیس کے ساتھ داخلہ فارم 4 فروری سے 12 فروری تک جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 فروری مقرر کی گئی ہے۔ فیڈرل بورڈ نے ریگولر، پرائیویٹ اور امپروومنٹ امیدواروں کے لئے فیس شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق فرسٹ ایئر امتحان کی فیس 2700 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ نان رجسٹرڈ امیدواروں کے لئے امتحانی فیس 4200 روپے ہو گی۔ فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے مشترکہ امتحان کی فیس 5400 روپے مقرر کی گئی ہے۔ بورڈ کے مطابق داخلہ فارم میں کسی قسم کی تصحیح یا رول نمبر سلپ میں درستگی کے لئے 2000 روپے فیس ادا کرنا ہو گی تاہم یتیم، معذور اور قیدی امیدواروں سے کسی قسم کی امتحانی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ فیڈرل بورڈ نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے اندر داخلہ فارم جمع کرائیں اور بورڈ کی ویب سائٹ سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔








