وزیر خزانہ کی امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری سے ملاقات، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال

وزیر خزانہ کی امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری سے ملاقات، اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں کے موقع پر امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی سیکرٹری فرانسس بروک سے ایک مفید ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام، بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخلے کے منصوبے اور بیرونی قرضہ جات کے نظم و نسق کی حکمتِ عملی کا جائزہ پیش کیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے پاکستان کے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع کو اجاگر کیا اور امریکی محکمہ خزانہ کی قیادت کو ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثہ جاتی ضوابط میں پیش رفت اور امکانات سے آگاہ کیا۔ دونوں فریقین نے توانائی، معدنی ترقی، اور منی لانڈرنگ کی روک تھام اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے تدارک کے فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کی گہرائی اور مضبوطی کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے لیے امریکہ کی مسلسل حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔