آئندہ ہفتے بارش اور برف باری کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے ،چیف میٹرولوجسٹ محمد افضل

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):چیف میٹرولوجسٹ محمد افضل نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے سے بارش اور برف باری کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے جبکہ آئندہ 15 سے 20 دن تک شدید سردی کی لہر خطے کو اپنی لپیٹ میں رکھے گی، اس کے بعد موسم میں معمولی تبدیلی کا امکان ہے۔پیر کو میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے محمد افضل نے کہا کہ ہر سال سردیاں جنوری تک …

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):چیف میٹرولوجسٹ محمد افضل نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے سے بارش اور برف باری کا ایک اور سلسلہ متوقع ہے جبکہ آئندہ 15 سے 20 دن تک شدید سردی کی لہر خطے کو اپنی لپیٹ میں رکھے گی، اس کے بعد موسم میں معمولی تبدیلی کا امکان ہے۔پیر کو میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے محمد افضل نے کہا کہ ہر سال سردیاں جنوری تک جاری رہتی ہیں اور رواں سال بھی اس سے مختلف نہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سردی کی لہر آئندہ 15 سے 20 دن تک برقرار رہے گی جس کے بعد موسم میں ہلکی سی بہتری متوقع ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق اتوار سے بارش اور برف باری کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جس کے ساتھ ہی مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود ہو جائے گا۔ یہ موسمی نظام پیر سے بدھ کے دوران شدت اختیار کر سکتا ہے اور بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برف باری متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملک کے بالائی حصوں میں 16 سے 17 جنوری کے دوران بارش اور سرد موسم متوقع ہے۔ایک سوال کے جواب میں محمد افضل نے کہا کہ ماہ کے آخری موسمی نظام کے تحت کراچی 24 سے 26 جنوری کے دوران متاثر ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال دسمبر کے وسط میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بہتر برف باری دیکھنے میں آئی۔چیف میٹرولوجسٹ نے مسافروں کو خبردار کیا کہ برف باری کے دوران خصوصاً پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں کیونکہ سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں اور حدِ نگاہ میں کمی کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منزل تک جلد پہنچنے کی بجائے حفاظت کو ترجیح دینا زیادہ بہتر ہے۔

مزید خبریں