پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا

پشاور۔ 30 اگست (اے پی پی):پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلاف کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق گرم موسمی حالات اور 31 اگست کی رات سے 4 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی کا امکان ہے۔

جس کی وجہ سے جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے اچانک سیلاب اور تیز پانی کے بہاؤ کا خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے چترال اپر، چترال لوئر، اپر دیر، سوات، اپر و لوئر کوہستان اور مانسہرہ کی انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے حساس گلاف مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ یقینی بنانے، خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں اور محفوظ مقامات کو تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو گلاف کے ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کیا جائے۔ عوام دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئر جھیلوں اور تنگ پہاڑی وادیوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ سیاح اور مسافر خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر، کیمپنگ اور ٹریکنگ سے گریز کریں، بہتے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کا خطرہ ہے، شہری احتیاط کریں، ندی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں پر فوری توجہ دی جائے۔

خطرے سے دوچار علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جائے۔

مزید خبریں