ممبر قومی اسمبلی فضل محمد خان نے ملک میں انصاف کی فراہمی، آئین کی بالادستی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مخلصانہ کوششوں پر زور دیا۔
آئین کی بالادستی، خیبر پختونخوا کے عوامی حقوق کا تحفظ اور ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کا حل کیا جائے ، فضل محمد خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):ممبر قومی اسمبلی فضل محمد خان نے ملک میں انصاف کی فراہمی، آئین کی بالادستی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مخلصانہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے کامیاب سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے یہ تجویز پیش کی کہ اسی تعمیری اور سنجیدہ انداز کو اپنا کر ملک کے اندرونی سیاسی معاملات اور نظر بند قیادت کے مسائل کو بھی بات چیت اور مفاہمت کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے تاکہ ملک حقیقی معنوں میں آگے بڑھ سکے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے فضل محمد خان نے اپنے حلقے اور صوبے کے غریب عوام کی داد رسی کرتے ہوئے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور خیبر پختونخوا کو اس کے جائز ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، مقامی انڈسٹری اور فلور ملز کے مسائل حل کرنے اور افغانستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بطور عوامی نمائندہ وہ فلور آف دی ہائوس پر عوام کی آواز اٹھاتے رہیں گے اور امید ظاہر کی کہ حکومت ان عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کر کے خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی۔








