آئی او سی سیشن کا اختتام، دو نئے ارکان کا انتخاب، پاکستانی رکن سید شاہد علی کو ’اعزازی رکن‘ کا درجہ دے دیا گیا

میلان ۔23فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے 145ویں سیشن کا میلان میں باقاعدہ اختتام ہو گیا، جس میں تنظیم کی قیادت اور رکنیت کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ سیشن میں دو نئے ارکان کے انتخاب کے ساتھ کھلاڑیوں کی نمائندگی اور صنفی تناسب میں اضافے کی توثیق کی گئی۔ایتھلیٹس کمیشن کی جانب سے نامزد کردہ جنوبی کوریا کے یونجونگ ون اور ایسٹونیا کی جوہانا …

میلان ۔23فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے 145ویں سیشن کا میلان میں باقاعدہ اختتام ہو گیا، جس میں تنظیم کی قیادت اور رکنیت کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ سیشن میں دو نئے ارکان کے انتخاب کے ساتھ کھلاڑیوں کی نمائندگی اور صنفی تناسب میں اضافے کی توثیق کی گئی۔ایتھلیٹس کمیشن کی جانب سے نامزد کردہ جنوبی کوریا کے یونجونگ ون اور ایسٹونیا کی جوہانا تالیہرم کو باضابطہ طور پر آئی او سی کا نیا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔

دونوں ارکان نے حلف اٹھا کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ اس کے علاوہ، مشہور باسکٹ بال کھلاڑی پاؤ گیسول سیز کو ایما تیرہو کی جگہ ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔پاکستان کے طویل عرصے سے آئی او سی کے رکن رہنے والے سید شاہد علی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ’اعزازی رکن‘ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ فجی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر رابن ای مچل کو بھی اسی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

ان دونوں ارکان کی اعزازی رکنیت کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے ہوگا۔ ان تبدیلیوں کے بعد آئی او سی کی کل رکنیت 106 ہو جائے گی، جس میں خواتین کی شرح 43.4 فیصد (46 خواتین) تک پہنچ گئی ہے۔ ادارے میں 42 اولمپک کھلاڑیوں کی موجودگی اس بات کی ضمانت ہے کہ کھیلوں کے فیصلوں میں کھلاڑیوں کی آواز کو ترجیح دی جائے گی۔آئی او سی نے اعلان کیا ہے کہ ایک ‘غیر معمولی سیشن’ رواں سال 24 اور 25 جون 2026 کو سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں منعقد کیا جائے گا۔