اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل کے طور پر انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ 5 (سی-5) پر حفاظتی اقدامات کے اطلاق کے لیے آئی اے ای اے اور پاکستان کے مابین طے پانے والے حفاظتی معاہدے کی منظوری دے دی۔ بدھ کو دفتر خارجہ …
آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ 5 (سی-5) پر حفاظتی اقدامات کے اطلاق کیلئے آئی اے ای اے اور پاکستان کے مابین طے پانے والے حفاظتی معاہدے کی منظوری دے دی

مزید خبریں
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل کے طور پر انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ 5 (سی-5) پر حفاظتی اقدامات کے اطلاق کے لیے آئی اے ای اے اور پاکستان کے مابین طے پانے والے حفاظتی معاہدے کی منظوری دے دی۔ بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یہ اہم پیش رفت عالمی برادری کے پاکستان کی جانب سے جوہری توانائی کے پرامن استعمال اور عالمی عدم پھیلائو (نان پرولیفریشن) اور حفاظتی ذمہ داریوں کی پاسداری کے عزم پر مسلسل اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی-5 کی مجموعی پیداواری صلاحیت 1,200 میگاواٹ (برقی) ہوگی۔ یہ پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر سال 2030ء تک فعال ہونے کی توقع ہے۔
تکمیل کے بعد یہ یونٹ پاکستان کے قومی گرڈ کو کم کاربن بجلی کا نمایاں ذریعہ فراہم کرے گا جو توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی اہداف اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔اس وقت پاکستان چھ جوہری بجلی گھروں کو چلا رہا ہے جن کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت 3,530 میگاواٹ (برقی) ہے اور اوسط پیداواری استعداد (کیپیسٹی فیکٹر) 90 فیصد سے زائد ہے۔
گزشتہ برس کے دوران جوہری توانائی قومی بجلی کی مجموعی پیداوار میں 18.3 فیصد جبکہ کم کاربن بجلی کی مجموعی پیداوار میں 34 فیصد حصہ رکھتی رہی۔100 سے زائد ری ایکٹر-سال کے عملی تجربے کے ساتھ پاکستان بین الاقوامی معیارات کے مطابق محفوظ اور مکمل طور پر حفاظتی نگرانی کے تحت جوہری توانائی کے آپریشنز کا مضبوط ریکارڈ برقرار رکھے ہوئے ہے۔








