آئی جی اسلام آباد کی ایس ڈی پی او سیکرٹریٹ سے میٹنگ، امن و امان اور پولیسنگ کے امور کا جائزہ لیا

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ایس ڈی پی او سیکرٹریٹ سے ملاقات، امن و امان اور پولیسنگ امور کا جائزہ۔

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ایس ڈی پی او سیکرٹریٹ سے میٹنگ کے دوران امن و امان اور پولیسنگ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے سیکرٹریٹ سرکل میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، موثر پٹرولنگ اور شہریوں کو بہترین پولیس خدمات کی فراہمی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایس ڈی پی او سیکرٹریٹ سرکل اے ایس پی علی رضا قریشی کے ساتھ میٹنگ کی جس میں سیکرٹریٹ سرکل کی مجموعی امن و امان کی صورتحال اور پولیسنگ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے دوران موثر پٹرولنگ، جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، مقدمات کی بروقت اور میرٹ پر تفتیش، سکیورٹی انتظامات اور شہریوں کو معیاری پولیس سروسز کی فراہمی سے متعلق امور زیر غور آئے۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ سیکرٹریٹ سرکل میں جرائم کی روک تھام کے لیے فیلڈ پولیسنگ کو مزید موثر بنایا جائے اور اہم و حساس مقامات پر پولیس کی موجودگی اور پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مقدمات کی تفتیش میں معیار، شفافیت اور رفتار کو برقرار رکھنے اور تمام کیسز کو میرٹ اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں بروقت و معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کی شکایات اور مسائل پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے اور پولیس و عوام کے درمیان موثر رابطے کو مزید مضبوط کیا جائے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ جرائم کے موثر انسداد، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور پولیسنگ کے معیار میں مزید بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں۔