آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اہم اجلاس، وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیسنگ کے مختلف امور

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیسنگ کے مختلف امور، تفتیشی معاملات، قانونی امور، شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے، سیف سٹی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جاری منصوبوں اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیسنگ کے مختلف امور، تفتیشی معاملات، قانونی امور، شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے، سیف سٹی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق جاری منصوبوں اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی جی سیف سٹی/ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ، ایس ایس پی سیف سٹی شہزادہ عمر عباس اور ڈائریکٹر آئی ٹی عاطف عباس نے آئی جی اسلام آباد کو سیف سٹی، جدید ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق تفویض کردہ ٹاسکس اور جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، پولیسنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی اسلام آباد نے جاری اقدامات اور منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو نئے اہداف اور ذمہ داریاں تفویض کیں اور ہدایت کی کہ تمام ٹاسکس کو مقررہ مدت کے اندر موثر انداز میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ان کے عملی نتائج کو یقینی بنایا جائے تاکہ جدید پولیسنگ کے ثمرات براہ راست شہریوں تک پہنچ سکیں۔دریں اثناء اے آئی جی انوسٹی گیشنز/کمپلینٹس عنایت علی شاہ اور اے آئی جی لیگل طاہر کاظم نے آئی جی اسلام آباد کو تفتیشی و قانونی امور، زیر التوا مقدمات اور شہریوں کی شکایات کے ازالے سے متعلق جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر التواء معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، تفتیش کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور قانونی امور کو بروقت مکمل کرتے ہوئے شہریوں کو فوری اور موثر ریلیف فراہم کیا جائے۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، معیاری اور پیشہ ورانہ تفتیش، مضبوط باہمی رابطہ کاری اور بروقت پولیس رسپانس کے ذریعے پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ اور انہیں موثر، شفاف اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تفویض کردہ ذمہ داریوں اور اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی موثر روک تھام اور قانون کی بالادستی کے لیے مربوط اور جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام شعبہ جات باہمی تعاون اور موثر رابطہ کاری کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ پولیسنگ کے نظام میں مزید بہتری لائی جا سکے۔آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید، موثر اور عوام دوست پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔

جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ استعداد اور موثر نگرانی کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو بہتر، فوری، شفاف اور باوقار پولیس خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جاسکے۔

 

مزید خبریں