آئی جی پنجاب عبدالکریم کی پی ایس ایل 11 کے فائنل میں کامیابی پر پشاور زلمی کو مبارکباد

آئی جی پنجاب عبدالکریم کی پی ایس ایل 11 کے فائنل میں کامیابی پر پشاور زلمی کو مبارکباد

لاہور۔4مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے فائنل میں کامیابی پر پشاور زلمی کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

آئی جی پنجاب نے اپنے بیان میں کہاکہ تمام ٹیموں نے پی ایس ایل 11 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایونٹ کو کامیاب بنایا۔انہوں نے پی ایس ایل 11 کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے پر لاہور پولیس کو شاباش دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز، سی ٹی او اور ایس پی سکیورٹی لاہور کی کارکردگی کو سراہا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایونٹ کی سکیورٹی یقینی بنانے میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور تعاون کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس سمیت پنجاب پولیس کے تمام یونٹس نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا بہترین مظاہرہ کیا۔

عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس نے دن رات محنت کرکے ٹیموں اور شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کو یقینی بنایا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب پولیس آئندہ بھی کرکٹ سمیت تمام قومی و بین الاقوامی ایونٹس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔آئی جی پنجاب نے پی ایس ایل 11 کے کامیاب اور پرامن انعقاد میں شہریوں اور میڈیا کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔