ڈی جی ایل ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس،ٹائون پلاننگ، آکشن ودیگرامور کا جائزہ لیا

ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے)طاہر فاروق کی زیر صدارت ایل ڈی اے کے مختلف امور بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ، آکشن، انجینئرنگ اور ایل ڈی اے سٹی کے امور کا جائزہ لیاگیا

لاہور۔7اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے)طاہر فاروق کی زیر صدارت ایل ڈی اے کے مختلف امور بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایل ڈی اے ٹائون پلاننگ، آکشن، انجینئرنگ اور ایل ڈی اے سٹی کے امور کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس کاشف عمران نے آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کی منصوبہ بندی، ٹائون پلاننگ سیکشن نے ریونیو اہداف اور ریکوری مہم بارے ، ڈائریکٹر آکشن نے آئندہ قرعہ اندازی میں آنے والے درخواستوں بارے بریفنگ دی۔آئندہ قرعہ اندازی میں ایل ڈی اے ایونیو ون، ایل ڈی اے سٹی بزنس بے کے کمرشل پلاٹ رکھے گئے ہیں۔ قرعہ اندازی میں جوہر ٹائون کے بلاک کے 5 مرلہ کے رہائشی پلاٹ رکھے گئے ہیں۔ شہری قرعہ اندازی میں حصہ لینے کے لیے2 ستمبر تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آکشن نے رواں مالی سال کے آکشن کیلنڈر بارے بریفنگ دی۔ایل ڈی اے سٹی میں کمرشل اور رہائشی پلاٹ جلد مارکیٹ میں لائے جائیں گے۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ رواں مالی سال میں ترقیاتی کاموں کا فوکس ایل ڈی اے سٹی ہو گا۔اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے نے ایل ڈی اے سٹی میں ترقیاتی کام مزید تیز کرنے، ایل ڈی اے ایونیو ون، جوبلی ٹائون اور ایل ڈی اے انکلیو سکیم میں شہریوں کو بنیادی سروسز کی فراہمی میں بہتری کے لیے گورننس ماڈل بنانے کی ہدایت کی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے ٹائون پلاننگ ونگ کو غیر قانونی تعمیرات و غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف مہم تیز کرنے اور مون سون سیزن میں تعمیراتی کاموں کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈی جی ایل ڈی اے نے رواں مالی سال میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت ایل ڈی اے کی دیگر سکیموں میں بھی کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹرز، چیف ٹائون پلانر ون، ڈائریکٹر آکشن، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر انجینئرنگ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔