پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور سستی ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی فراہمی کے اپنے مینڈیٹ کے تحت موبائل فون آپریٹروں کی جانب سے ای سم کے اجرا اور روایتی سم کو ای سم میں تبدیل کرنے کی زیادہ سے زیادہ فیس کی حد 1,500 روپے مقرر کر دی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے ای سم کے اجرا کی فیس 1,500 روپے مقرر، فری ای سم کی منتقلی کی حد میں بھی اضافہ
اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور سستی ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی فراہمی کے اپنے مینڈیٹ کے تحت موبائل فون آپریٹروں کی جانب سے ای سم کے اجرا اور روایتی سم کو ای سم میں تبدیل کرنے کی زیادہ سے زیادہ فیس کی حد 1,500 روپے مقرر کر دی ہے۔ یہ فیس پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر لاگو ہوگی۔جمعہ کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق صارفین کی سہولت کے پیش نظر ایک موبائل ڈیوائس سے دوسری موبائل ڈیوائس میں ای سم پروفائل کی منتقلی دس بار بلا معاوضہ ہوگی، تاکہ ملک بھر میں یکساں پالیسی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ نظرثانی شدہ فیس اور مفت سم منتقلی کی سہولت 17 اگست 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔اس اقدام کا مقصد ای سم کے استعمال کو فروغ دینا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اس جدید سہولت سے مستفید ہو سکیں اور ملک بھر میں ڈیجیٹل خدمات تک آسان رسائی ممکن ہو ۔ پی ٹی اے صارفین کے حقوق کے تحفظ، بہتر سہولیات کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔








