صدر آصف علی زرداری کا آذربائیجان کے سبکدوش سفیر کی خدمات کو خراجِ تحسین، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے آزربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی۔صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سفیر خضر فرہادوف کی خدمات کو سراہا

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے آزربائیجان کے سبکدوش ہونے والے سفیر خضر فرہادوف نے ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی۔صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سفیر خضر فرہادوف کی خدمات کو سراہا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کو ایک قابلِ اعتماد برادر ملک اور اسٹریٹجک شراکت دار کی حیثیت سے انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی مستقل حمایت پر قائم ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے جولائی 2024 میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے تاریخی دورۂ پاکستان کو کامیاب بنانے میں سبکدوش ہونے والے سفیر کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔صدر زرداری نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے مشترکہ وژن کو تجارت، سرمایہ کاری،علاقائی رابطوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، موسمیاتی تعاون، سیاحت اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں عملی نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔صدر مملکت نےسفیر خضر فرہادوف کو اسلام آباد میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر سبکدوش ہونے والے سفیر، جو اب ملائیشیا میں اپنی نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، نے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی پہلی سفارتی تعیناتی تھا اور ہمیشہ ان کی پہلی محبت رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملائیشیا میں آذربائیجان کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بھی نمائندگی کریں گے۔ملاقات میں سفیر کی اہلیہ ترانہ فرہادووا بھی موجود تھیں۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کو ایک تصویری کتاب پیش کی، جس میں پاکستان میں اپنے پانچ سالہ قیام کی یادگار تصاویر اور جھلکیاں شامل ہیں۔