انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
آئی جی پنجاب کی پولیس ملازمین،ان کے اہل خانہ سے ملاقات،مسائل پر ریلیف کی ہدایت

مزید خبریں
لاہور۔15جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے آفس سپرنٹنڈنٹ آصف علی کی ٹرانسفر منسوخی کی درخواست پر معاملہ ایڈیشنل آئی جی پنجاب کے زیر غور لانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح ہیڈ کانسٹیبل محمد سیفل کی طبی مالی امداد کی درخواست پر اے آئی جی ویلفیئر کو ضروری کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ملاقات کے دوران شہید ٹی اے ایس آئی نصیر احمد کے والد کی مالی امداد کی درخواست پر بھی اے آئی جی ویلفیئر کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
علاوہ ازیں چھ پولیس ملازمین کی ٹرانسفر سے متعلق درخواستوں پر آر پی او شیخوپورہ کو معاملہ زیر غور لا کر مناسب کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا۔ترجمان کے مطابق عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمنسٹریشن، پروموشن، ویلفیئر اور دیگر انتظامی امور سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے اور متعلقہ افسران کو مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








